کراچی(پی این آئی) زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران امریکی ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں اضافہ ہوا جبکہ یورو کرنسی کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔ ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کی قدر دوبارہ 163 روپے سے تجاوز کرگئی۔گزشتہ ہفتے بھی درآمدی شعبوں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے نتیجے میں پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں کم زور رہا۔ ہفتہ وار کاروبار میں شرح مبادلہ پر قابو پانے کی غرض سے ریگولیٹر کی مداخلت سے ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے باوجود زیادہ نہ بڑھ سکی۔ہفتے کے آغاز پر درآمد و برآمدات کے درمیان فرق اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ نے روپیے کو کم زور کیا۔ بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے طویل مدت کے لیے ڈالر کی طلب برقرار رہنے کے خدشے نے بھی روپیہ کی قدر کو متاثر کیا۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے بعد 1 روپیہ 2 پیسے روپے بڑھ کر 163 روپے 45 پیسےپر بند ہوئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1روپے بڑھ کر 163 روپے 70 پیسے ہوگئی۔برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 55 پیسے بڑھ کر 227روپے 56 پیسے، جب کہ اوپن مارکیٹ میں قدر 1 روپے 50 پیسے بڑھ کر 227 روپے ہوگئی۔اسی طرح انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 26 پیسے گھٹ کر 193 روپے 3 ہیسے اور اوپن مارکیٹ میں بغیر کسی تبدیلی کے 190 روپے 50 پیسے پر مستحکم رہی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں