ملک میں پیٹرول کی قلت ہونے والی ہے؟ اوگرا نے وضاحت جاری کر دی

لاہور(پی این آئی) وزارت توانائی نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا، ترجمان اوگرا نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین میں کوئی خلل نہیں آیا، تیل کے15 روز کے ذخائرموجود ہیں، تیل کے مزید بحری جہاز بندرگاہ پر لنگرانداز ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان اوگرا نے اپنے بیان میں ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی کمی کی خبروں کو جعلی قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ضرورت کے مطابق وافر ذخائرموجود ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی لے کرآنے والے بحری جہاز بندرگاہ پر لنگرانداز ہوچکے، پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین میں کوئی خلل نہیں آیا، بحری جہازوں سے پٹرولیم مصنوعات کی ان لوڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔پٹرول کا موجودہ ذخیرہ 15 روز کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے، بندرگاہوں اور تیل ڈپوز میں 3 لاکھ 83 ہزار 500 میٹرک ٹن پٹرول موجود ہے، 30 ہزار میٹرک ٹن پٹرول کا ایک اورجہاز بھی جلد لنگرانداز ہوجائے گا۔لیکن اس کے برعکس میں خبریں آرہی ہیں کہ پاکستان میں پٹرول کا ذخیرہ تشویشناک حد تک کم ہوچکا ہے، جس سے پٹرول مصنوعات کی فراہمی میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ بتایا گیا تھا کہ 2 اگست کی شام کو پیٹرول کا مجموعی ذخیرہ 8 روز کیلئے اوسط کھپت سے کم تھا۔ لیکن وزارت توانائی نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا ہے۔ دوسری جانب اوگرا نے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا، جس کے بعد سی این جی کی پرانی قیمت بحال کردی گئی، ایل این جی قیمت میں اضافے کے بعد سی این جی کی قیمت میں 5 روپے اضافہ کردیا گیا تھا۔ اسی طرح گزشتہ روز اوگرا نے اگست کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 9.58 روپے فی کلو اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے تحت ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے 58 پیسے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا۔ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 113 روپے 7 پیسے مہنگا ہوگیا۔ گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2002 روپے 07 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق اگست 2021 کیلئے ہے، جولائی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1889 روپے 57 پیسے کا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close