اسلام آبادد(پی این آئی )نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پیٹرول کی قیمتیں بلند ترین سطح پر آ گئی ہیں۔اپنے ایک بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے کے بعد نئی قیمت 119روپے 80 پیسے لیٹر ہوگئی ہے جبکہ بجٹ کے بعد تیل کی قیمتوں میں تیسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔شیری رحمان نے سوال کیا کہ اب قیمت عالمی منڈی کےباعث بڑھائی تو گزشتہ 2 بار قیمت بڑھانے کی وجہ کیا تھی؟اُنہوں نے کہا کہ ہر روز کسی نہ کسی چیز کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی جاتی ہے، عوام پہلے ہی اس حکومت میں مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے۔نائب صدر پیپلز پارٹی نے سوال اُٹھایا کہ کیا حکمرانوں کو مہنگائی کی سونامی بنی گالا کے پہاڑوں سے نظر نہیں آتی؟شیری رحمان نے مزید کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کی سزا عوام کو دے رہی ہے، حکومت عوام پر رحم کرے۔یاد رہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کے حوالے سے سفارشات پٹرولیم ڈویژن کو موصول ہو گئیں ، حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت کے بعد آج کیا جائے گا،پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ اکہتر پیسے فی لٹر اضافہ تجویزمٹی کے تیل کی قیمت میں پینتیس پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔نئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن وزارت خزانہ جاری کرے گی ،نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم اگست سے ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں