پیٹرول کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی ہو گئی، موسم گرما میں قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ مارکیٹ کمپنیوں کی جانب سے کیا گیا ہے جس کے تحت ایل پی جی کی قیمت 10 روپے فی کلو بڑھا دی گئی ، قیمت میں یہ اضافہ اوگرا کے نوٹی فکیشن کے بغیر ہی کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس اضافے کے ساتھ ہی ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے اور ایل پی جی کے کمرشل سلنڈر کی قیمت 8 ہزار 80 روپے تک ہوچکی ہے جب کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2110 روپے کا ہوگیا ہے ، اسی طرح گلگت بلتستان میں تو ایل پی جی کی قیمت 200 روپے فی کلو گرام ہوچکی ہے ، جہاں گھریلو سلنڈر2350 روپے اور کمرشل سلنڈر9 ہزار روپے کا کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ قیمت کے تحت ایل پی جی 5 روپے مزید مہنگی ہونے سے سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو سے بڑھ گئی، چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے پولیس اور سرکاری اہلکاروں کی سرپرستی میں ایل پی جی کی بلیک مارکٹنگ کا الزام عائد کردیا ، ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چئیرمین عرفان کھوکھر نے بتایا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے اور اس وقت ایل پی جی گیس اضافے کے بعد 165 روپے میں فروخت کی جارہی ہے ، پولیس اور سرکاری اہلکاروں کی سرپرستی میں ایل پی جی کی بلیک مارکٹنگ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت گھریلو سیلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور گھریلو سیلنڈر 1950 میں فروخت ہورہا ہے جب کہ کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 225 اضافہ کیا گیا ہے اور کمرشل سیلنڈر 7490 میں فروخت جاری ہے تاہم گلگت میں گیس کی قیمت 185 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close