امریکی کرنسی بے قابو، ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی (پی این آئی) عید کے بعد روپے کی قدر میں مزید اور بڑی گراوٹ، پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 9 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال کے آغاز میں مسلسل اور زبردست بہتری کا مظاہرہ کرنے والا پاکستانی روپیہ نیا مالی سال شروع ہونے کے بعد بدترین تنزلی کا شکار ہونا شروع ہوا، اور اب کئی ہفتوں سے مسلسل گراوٹ کے بعد پاکستانی روپے کی قدر 9 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عید کے بعد کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بحال نہیں ہوئیں، تاہم انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت مزید گراوٹ کا شکار ہوگئی۔ جمعہ کے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی ٹریڈنگ ہوئی اور ڈالر کی قیمت بڑے اضافے سے 9 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 162 روپے 32 پیسے ریکارڈ کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ عید سے قبل بھی درآمدی ادائیگیوں میں اضافہ ہونے سے انٹربینک میں ڈالر7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل اور اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے درآمدات مسلسل مہنگی ہورہی ہے، جس کے باعث ڈالر کی طلب بھی بڑھنے کا رجحان جاری ہے۔ عید سے قبل انٹربینک میں ڈالرایک روپیہ 54 پیسے اضافے سے7 ماہ کی بلند ترین سطح 161 روپے 48 پیسہ پر بند ہوا تھا۔جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ایک روپیہ 70 پیسے اضافے سے 162 روپے میں فروخت ہوا تھا۔ دوسری جانب ادارہ شماریات نے مہنگائی میں اضافے سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے تحت ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 7 سستی ہوئیں۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مزید0.41 فیصد اضافہ ہوا، جس کے ساتھ مہنگائی کی شرح بڑھ کر 12.42 فیصد ہوگئی ہے۔ ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر، پیاز، چینی، لہسن ، آلو مہنگے ہوئے، انڈے، چاول، آٹا، دودھ ، دہی بھی مہنگے ہوئے۔ٹماٹر 5 روپے 8 پیسے، پیاز 2 روپے 92 پیسے فی کلو، لہسن 5 روپے 95 پیسے مہنگا ہوا۔ ایک ہفتے میں چینی 3 روپے 4 پیسے فی کلو اور گھی 20 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 816 روپے کا ہوگیا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 102 روپے 67 پیسے اور انڈے 2 روپے 88 پیسے فی درجن مہنگے ہوگئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 7 اشیاء سستی ہوئیں، کیلا 7 روپے 27 پیسے سستا ہوا، زندہ مرغی فی کلو مرغی 6 روپے 66 پیسے فی کلو سستی ہوئی، دال مونگ، دال ماش، دال چنا اور دال مسور کی قیمت بھی کم ہوئی، ایک ہفتے میں 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close