حکومت فی لیٹر پیٹرول پر کتنا ٹیکس وصول کر رہی ہے؟ ہوشربا تفصیلات آگئیں

اسلام آباد(آئی این پی)حکومت کی جانب سے پیٹرول کے فی لیٹر31روپے82پیسے،ڈیزل پر28.15،مٹی کے تیل پر 11.48اورلائٹ ڈیزل پر4.75روپے فی لیٹرمختلف اقسام کے ٹیکسز لینے کاانکشاف ہوا ہے،حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ یکم جولائی 2021 عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت پاکستانی روپے میں86.27،ڈیزل88.38،مٹیکا75.69 اور لائٹ ڈیزل 79.92روپے فی لیٹر ہے۔جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات میں پیپلزپارٹی کی رکن نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں وزارت پیٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ یکم جولائی2021 سے عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت پاکستانی روپے میں86.27روپے فی لیٹر ہے ،واضح رہے کہ اس وقت پاکستان میں 118روپے9پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت پاکستانی روپے میں88.38روپے فی لیٹر ہے ( پاکستان میں 116.53روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے)۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق مٹی کے تیل کی رواں ماہ جولائی میں عالمی مارکیٹ میں قیمت پاکستانی روپوں میں فی لیٹر قیمت75.69روپے ہے جبکہ پاکستان میں مٹی کا تیل فی لیٹر87.14روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔عالمی مارکیٹ میں لائٹ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت پاکستانی روپے میں79.92روپے ہے جو پاکستان میں اس وقت84.67روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close