اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ دوبارہ شروع ہونے کے بعد ایران نے پاکستان کو بجلی فراہم کرنے کی پیش کش کر دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سے ایرانی سفیر محمد علی حسینی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے توانائی کے شعبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان کو مزید بجلی فراہم کرنے کے لئے تیار ہے، بجلی فراہمی کے سلسلے میں انفراسٹرکچرتعمیر کیا جا چکا ہے۔ ایرانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ اضافی بجلی فراہمی منصوبے کے جلد آغاز کیلئے متعلقہ اداروں میں قریبی روابط کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی و پٹرولیم تابش گوہر نے واضح کیا ہے کہ توانائی کے شعبہ کی بہتری کیلئے بجلی کی پیداوار ، تقسیم و ترسیل کی مربوط اور موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ،ملک کو جب بجلی کی ضرورت تھی تو بہت سے آئی پی پیز سے پیداوار دستیاب نہیں تھی،معاملے کی انکوائری کرائیں گے۔ نیشنل الیکٹرسٹی پلان 2021سے متعلق مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل الیکٹرسٹی پالیسی 2021 کی مشترکہ مفادات کونسل نے منظوری دی اس کے علاوہ قابل تجدید توانائی کا انرجی مکس میں حصہ بڑھانے کے لئے 2019 میں قابل تجدید توانائی کی منطوری دی گئی اور پن بجلی کو بھی قابل تجدید توانائی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں