پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی شرح میں ردوبدل، پیٹرول کی قیمتوں پر کیا اثر پڑے گا؟ بڑی خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں ردوبدل کردیا ہے، پٹرول پر سیلز ٹیکس 16.4 فیصد، ڈیزل پر17 فیصد اور لائٹ ڈیزل0.2 فیصد کردیا گیا، سیلز ٹیکس میں ردوبدل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر نہیں پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی سفارش پر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں ردوبدل کردیا ہے۔جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس میں ردوبدل سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر نہیں پڑے گا۔ نوٹیفکیشن کے تحت پٹرول پر سیلز ٹیکس16.4 فیصد اور ڈیزل پر سیلز ٹیکس 17 فیصد کردیا گیا، لائٹ ڈیزل0.2 فیصد اور مٹی کے تیل پر سیلز ٹیکس 6.7 فیصد کردیا گیا۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بتدریج بڑھتے اب 77 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو پچھلے سال اسی عرصے میں 43 ڈالر فی بیرل تھی۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ حکومت پاکستان کے پاس اب عوام کو ریلیف دینے کا آپشن بھی تقریبا نا ہونے کے برابر ہیں اور سب سے بڑا آپشن لیوی کم کرنا تھا جو اس وقت پٹرول پر صفر ہے اور ڈیزل پر ایک روپیہ 90 پیسے فی لیٹر ہے۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقتدار میں آنے سے قبل پٹرولیم مصنوعات پر ہوشربا پٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس کے نفاذ کی شدید مخالفت کی جاتی تھی۔اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو بھی ملک کی خراب معاشی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم لیوی کو برقرار رکھنا پڑا۔ تاہم کچھ دن قبل تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی ختم کردی، جبکہ سیلز ٹیکس میں بھی کمی کر دی گئی۔ فی لیٹر پیٹرول پر چارج کی جانے والی 2 روپے 97 پیسے کی پٹرولیم لیوی یکم جولائی سے ختم کی گئی۔جبکہ ہائی اسپیڈ پر عائد لیوی میں کمی کی گئی ۔ پیٹرول کے فی لٹر پر سیلز ٹیکس 20 پیسے کم کردیا گیا جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں ایک روپے 71 پیسے کی کمی کردی گئی ۔قبل ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق اوگرا کی تجویز کے برعکس پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں صرف 2 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت کا اطلاق یکم جولائی سے ہو چکا۔ اضافے کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 112 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 114 روپے ہوگئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں