اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی حکومت نے عید الاضحی کے باعث سرکاری ملازمین کو جولائی کی تنخواہ 16 جولائی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کو سولہ جولائی کو تنخواہیں جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزارت خزانہ کے حکم نامے کے مطابق عید الاضحی 21 یا 20 جولائی کو متوقع ہے۔ لہذا عید الاضحی سے پہلے سولہ جولائی کو ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے انتظامات کئے جائیں۔علاوہ ازیں سندھ حکومت نے بھی عیدالاضحی کے موقع پر سرکاری ملازمین و افسران کی تنخواہیں ایڈوانس میں ادا کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔ محکمہ خزانہ کے ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن یکم اگست کے بجائے 16جولائی تک ادا کی جائیں۔محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کی ہے کہ عیدالاضحی 21جولائی کو ہوگی، کیونکہ 10جولائی کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، چاند نظر آنے کی صورت میں یکم ذی الحج 11جولائی اور عید الاضحی 20جولائی کو ہوسکتی ہے، دس جولائی کو چاند نظر نہ آنے کی صورت میں یکم ذی الحج 12جولائی اور عیدالاضحی 21جولائی کو ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں