اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم نے اپنا وعدہ پورا کر دیا، پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقتدار میں آنے سے قبل پٹرولیم مصنوعات پر ہوشربا پٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس کے نفاذ کی شدید مخالفت کی جاتی تھی۔ اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو بھی ملک کی خراب معاشی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم لیوی کو برقرار رکھنا پڑا۔تاہم اب تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی ختم کردی، جبکہ سیلز ٹیکس میں بھی کمی کر دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ فی لیٹر پیٹرول پر چارج کی جانے والی 2 روپے 97 پیسے کی پٹرولیم لیوی یکم جولائی سے ختم کر دی گئی ہے۔جبکہ ہائی اسپیڈ پر عائد لیوی میں کمی کی گئی ہے۔ پیٹرول کے فی لٹر پر سیلز ٹیکس 20 پیسے کم کردیا گیا ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں ایک روپے 71 پیسے کی کمی کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق اوگرا کی تجویز کے برعکس پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں صرف 2 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت کا اطلاق یکم جولائی سے ہو چکا۔ اضافے کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 112 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 114 روپے ہوگئی۔اس سے قبل 29 جون کو اوگرا نے یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔ سمری میں یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی۔ اوگرا کی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے اضافے کی سفارش کی گئی، تاہم وزارت خزانہ نے اوگرام کی سمری کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں قدرے کم اضافہ کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں