ڈالر کی قیمت میں 10روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ، پاکستانی کرنسی تگڑی ہو نے لگی

لاہور (پی این آئی) سال 2021 پاکستانی روپے کیلئے اچھا ثابت ہوا، رواں سال کے دوران ڈالر کی قیمت میں 10 روپے سے زائد، 6 عشاریہ 25 فیصد کی بڑی کمی ہو چکی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کے ابتدائی ڈھائی سال کے دوران بدترین گراوٹ کا شکار ہونے والا پاکستانی روپیہ رواں سال کے دوران کم بیک کرنے میں کامیاب رہا۔ بتایا گیا ہے کہ سال 2020 کے اختتام پر پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ چکی تھی، تاہم سال 2021 کے آغاز کے بعد سے پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے اور امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ شروع جو اب تک جاری ہے۔رواں سال کے دوران ڈالر کی قیمت 152 روپے کی کم ترین سطح تک بھی پہنچ گیا تھا، یوں سال 2021 کے 6 ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت میں 6 عشاریہ 25 فیصد، 10 روپے سے زائد کی کمی ہو چکی۔ماہرین کے مطابق عید الاضحیٰ کی آمد اور نئے مالی سال کے آغاز کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر مستحکم ہوں گے اور اسی باعث ڈالر کی قیمت میں بھی مزید کمی آئے گی۔ دوسری جانب انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بدھ کو بھی روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر25پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد ڈالرکی قیمت خرید 157.75 روپے سے کم ہو کر 157.50روپے اور قیمت فروخت 157.85 روپے سے کم ہو کر157.60روپے ہو گئی اسی طرح30پیسے کی کمی سے مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید157.80روپے سے گھٹ کر157.60روپے اور قیمت فروخت158.20روپے سے گھٹ کر157.90روپے ہو گئی ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں70پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت خرید 186.50روپے سے کم ہو کر185.80روپے اور قیمت فروخت188.30روپے سے کم ہو کر187.60روپے پر آ گئی جبکہ50پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 216.50روپے سے بڑھ کر217روپے اور قیمت فروخت218.50روپے سے بڑھ کر219روپے پر جا پہنچی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close