ڈالر کے بعد پائونڈ اور ریال کی قدر میں بھی اضافہ، ایک ریال کتنے کا ہو گیا؟ تفصیلات آگئیں

کراچی(پی این آئی)زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے ڈالر، پاؤنڈ، یورو اور ریال کی قدر میں اضافے کا رحجان برقرار رہا، مالی سال کے آخری مہینے میں درآمدی ایل سیز کھلنے کا حجم بڑھنے سے روپے کے مقابلے میں ڈالر سمیت دیگر اہم غیرملکی کرنسیاں مضبوط ہوئیں۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 157 روپے سے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 158 روپے سے تجاوز کرگئی۔ آئی ایم ایف کی سہ ماہی ریویو اور قرضے کی اگلی قسط کے اجراء میں تاخیر نے روپے کو کم زور کیا جب کہ آنے والے مہینوں میں واجب الادا قرضوں کی ادائیگیوں کے مراحل شروع ہونے سے بھی روپیہ دباؤ میں رہا۔خام تیل، ایل این جی اور کوئلے کی عالمی قیمت بڑھنے سے درآمدی بل پر دباؤ بڑھنے کے سبب روپیہ کم زور ہوا۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدراتارچڑھاؤ کے بعد 72پیسےبڑھ کر 157روپے61 پیسے پر بند ہوئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 90 پیسے بڑھ کر 158روپے 20 پیسے ہوگئی۔برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 1روپے 41 اضافے کے بعد 219 روپے 20 پیسے اوراوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر1روپے50 بڑھ کر 220 روپے 50 پیسے ہوگئی۔انٹربینک مارکیٹ میں یورو کرنسی کی قدر 1 روپے 23 پیسے اضافے کے بعد 188روپے22 پیسے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر50پیسے کے اضافےسے 188روپے ہوگئی۔انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 19پیسے بڑھ کر 42 روپے2 پیسےاور اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 19پیسے بڑھ کر 41 روپے95 پیسےہوگئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close