لاہور (پی این آئی) 4 دن کی چاندنی، پھر اندھیری رات، مرغی کی قیمت کو پھر پر لگ گئے، لاہور سمیت کئی شہروں میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت دوبارہ 300 روپے کی سطح سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے عام بازاروں میں برائیلر مرغی کا گوشت ٹرپل سینچری کراس کرگیا۔ بدھ کے روز برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت 306 روپے فی کلو کی سطح پرپہنچ گئی، جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافے دیکھنے میں آیا اور انڈوں کی قیمت 150 روپے فی درجن کی سطح پر پہنچ گئی۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل کئی ماہ تک غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر رہنے کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت کئی ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔ تقریباً 6 ماہ بعد مرغی کی قیمت 200 روپے کی سطح سے نیچے آئی۔ملک کے تمام شہروں میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 200 روپے سے نیچے آ گئی تھی جبکہ کئی شہروں میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت بھی 200 روپے سے نیچے آگئی تھی۔قیمتوں میں اتنی بڑی کمی کے حوالے سے بتایا گیا کہ بیرون ملک ایکسپورٹ پر پابندی لگنے اور بیماری پھیلنے کی وجہ سے مرغی کے گوشت کی قیمت میں یکدم بڑی گراوٹ آئی۔ تاہم اب طلب میں اضافے کے بعد پھر سے قیمتوں میں اضافہ ہو نے لگا ہے۔ چند ہی دن میں برائلر گوشت کی قیمت میں 50 فیصد تک کا اضافہ ہو چکا۔ اس تمام صورتحال میں عوام کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت اب ناصرف غریبوں بلکہ متوسط طبقے کے لوگوں کی پہنچ سےبھی باہر ہو گیا ہے۔پولٹری مافیا اپنی مرضی کے مطابق قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے، جبکہ حکومت قیمتوں میں استحکام لانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد کئی شہریوں نے دوبارہ سوشل میڈیا کا رخ کر لیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ مرغی کے گوشت کا بائیکاٹ کر دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں