تحریک انصاف دور حکومت میں کرنسی کی قدرکیوں کم ہوئی؟ وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعتراف کر لیا

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے بجٹ پر بحث کے دوران قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اور اپوزیشن کی طرف سے بجٹ پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کا جواب دیا۔وزیرخزانہ نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”جمشید احمد ترین کا بیٹا شوکت ترین کبھی جھوٹ نہیں بولتا۔ اپوزیشن والے کہتے ہیں یہ بجٹ جھوٹ ہے۔ یہ میرا بجٹ ہے۔ اسے میں نے بنایا ہے، لہٰذا یہ باتیں کرنا چھوڑ دیں۔“اپنے خطاب میں وزیرخزانہ نے بتایا کہ ”اپوزیشن کے دعوے کے مطابق قیمتوں میں اضافہ 25فیصد نہیں بلکہ 11فیصد ہوا جبکہ 13فیصد غذائی اجناس کی قیمتیں بڑھیں۔ اجناس کی قیمتیں اس لیے بڑھی ہیں کیونکہ اب ہم خوراک کے خالص درآمد کنندہ بن چکے ہیں۔ اب آپ کے پاس گندم نہیں ہے، آپ کے پاس چینی نہیں ہے۔ میں نے جب پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی تو یہ جان کر مجھے سخت حیرت ہوئی کہ اب ہم 70فیصد دالیں درآمد کر رہے ہیں، جو ایک اہم غذا ہے۔“اس موقع پر شوکت ترین نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ”پی ٹی آئی کی حکومت کو آئی ایم ایف کی تجویز پر ڈسکاؤنٹ ریٹ، محصولات میں اضافہ اور کرنسی کی قدر میں کمی کرنا پڑی۔تاہم یہ سابق حکومتوں کی خراب پالیسیاں تھیں جن کی وجہ سے انہیں آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑا۔ “

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close