ڈالر بے قابو ہو گیا، بجٹ پیش ہوتے ہی امریکی کرنسی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی (پی این آئی) بجٹ کے بعد ڈالر مکمل طور پر بے قابو ہوگیا، کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں بڑی گراوٹ، امریکی کرنسی کی قیمت 157 روپے کی سطح سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ پیش کیے جانے کے بعد پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت بے قابو ہو کر 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ دبائو کا شکار رہا اور روپے کے مقابلے ڈالر مہنگا ہو گیا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں40پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 156.20روپے سے بڑھ کر156.60روپے اور قیمت فروخت156.30روپے سے بڑھ کر156.70روپے ہو گئی۔اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 90پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 156.10روپے سے بڑھ کر157روپے اور قیمت فروخت156.50روپے سے بڑھ کر157.40روپے ہو گئی ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ یورو کی قدر میں 50پیسے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید188روپے سے بڑھ کر189روپے اور قیمت فروخت190روپے سے بڑھ کر190.50روپے ہو گئی۔تاہم برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 219.50روپے اور قیمت فروخت221روپے پر بدستور برقرار رہی ۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران امپورٹس میں توقع سے زائد اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ امپورٹس میں اضافے کی وجہ سے ڈالر کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے، اسی باعث پاکستان روپیہ دباو کا شکار ہے اور اس کی قدر میں مسلسل اور توقع سے زائد کمی ہو رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close