حکومت نے ایمازون کے ذریعے تجارت کرنے کا ارادہ رکھنے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(پی این آئی) حکومت نے آن لائن خرید و فروخت کے لیے دنیا کی بڑی کمپنی ایمیزون کے ذریعے تجارت کرنے کا ارادہ رکھنے والے پاکستانیوں کو سہولتیں دینے کے لیے قانون سازی کرنے پر غور شروع کردیا ۔ خلیج کی ایک ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی ای کامرس کونسل کے رکن بدر خوشنود نے کہا ہے کہ ایمیزون پر پاکستانی کاروباری افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے لیکن تاجراس حوالے سے ابھی انتظار کر رہے ہیں کہ حکومت ان کے لیے کچھ رعایتوں کا اعلان کرے تاکہ وہ پاکستان سے ایمیزون پر رجسٹر کرنے کو ترجیح دیں۔بدر خوشنود کے مطابق اس حوالے سے حکومت کو ای کامرس کونسل کی جانب سے تجاویز بھیج دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رویہ بھی اس حوالے سے مثبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھیجی جانے والی تجاویز میں ٹیکس کی چھوٹیں اور کاروبار کی آسانیاں بھی شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت سے بات چیت چل رہی ہے اور کوشش ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح پاکستان کے کاروباری افراد کو تربیت دینے کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی مصنوعات کی تصاویر اورالفاظ کے ذریعے ایمیزون پر بہتر مارکیٹینگ کر سکیں۔یاد رہے کہ ایمیزون کی جانب سے پاکستان کو سیلرلسٹ یعنی فروخت کنندگان کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close