مکوآنہ (پی این آئی ) اٹلس ہنڈا کی طرف سے اپنی موٹرسائیکل کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے محض ایک دن بعد یاماہا نے بھی اپنی بائیک کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق یاماہا کی جانب سے اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 7 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے ، قیمتوں میں کیے گئے اس اضافے کے بعدکمپنی کے ماڈل YB125ـZ کی قیمت 1 لاکھ 63 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 69 ہزار روپے کردی گئی ہے ، جب کہ YB125ـZDX کی قیمت 1 لاکھ 75 ہزار 500 روپے سے بڑھاکر 1 لاکھ 82ہزار 500 روپے کی گئی ہے ، اس کے علاوہ کمپنی کے ایک اور ماڈل YBRـ125G کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد 1لاکھ 90ہزار کی بجائے اب 1 لاکھ 97ہزار روپے ہوگی ، تاہم کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی وضاحت کے لئے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔یاد رہے کہ اٹلس ہونڈا لمیٹڈ کی طرف سے گزشتہ7 ماہ میں ڈالر کی گرتی ہوئی قیمت کے بعد کم درآمدی لاگت کے باوجود موٹرسائیکل کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 16 سو روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے ، میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا ، جس کے بعد سے ہونڈا کی سی ڈی 70 ایک ہزار روپے اضافے کے ساتھ 82 ہزار900 روپے جب کہ سی جی 125 ایک ہزار 600 روپے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 36 ہزار 500 روپے میں فروخت کی جائے گی۔اس سے پہلے ڈی ایس موٹرز نے اسٹیل کی قیمتوں میں اضافے کا کہتے ہوئے یونیک 70 سی سی موٹرسائیکل کے 2 ماڈلز کی قیمتوں پر 20 فروری سے ڈھائی ہزار روپے کے اضافے سے آگاہ کردیا جبکہ میمن موٹرز نے سپر اسٹار 70 سے 100 سی سی بائیکس پر 2 سے 3 ہزار روپے بڑھا دیے ، یہ اضافہ ملک میں 94 فیصد سے زائد لوکلائزیشن کرنے اور گزشتہ 6 ماہ سے ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر مستحکم ہونے کے باجود دیکھنے میں آیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں