امریکی راج ختم ، دو دہائیوں بعد کس ملک کا شہری دنیا کا امیر ترین شخص بن گیا؟ نئی فہرست جاری کر دی گئی

نیو یارک (پی این آئی) دو دہائیوں تک ارب پتی افراد کی فہرست پر راج کرنے والے امریکہ کی حکمرانی کا خاتمہ ہوگیا۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے برنارڈ ارنالٹ دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔فوربز کی جانب سے جاری نئی فہرست کے مطابق لگژری برانڈ ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ ارنالٹ 188 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ وہ گزشتہ کچھ سالوں سے ارب پتی افراد کی فہرست میں مسلسل اوپر آتے جا رہے تھے اور کچھ عرصے سے وہ ٹاپ تھری میں ہی جگہ پکی کیے بیٹھے تھے۔فوربز کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس کی ایک درجہ تنزلی ہوگئی اور اب وہ 187.7 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔ ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک 151.2 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس 126.3 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے جب کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ 118.5 ارب ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔اس کے علاوہ سرمایہ کار وارن بفٹ چھٹے، گوگل کے شریک بانی لیری پیج ساتویں اور اوریکل کے مالک لیری ایلیسن دنیا کے آٹھویں امیر ترین شخص ہیں۔ یہ وہ آٹھ لوگ ہیں جو سینٹی بلینیئر ہیں یعنی ان کے اثاثوں کی مالیت 100 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ گوگل کے دوسرے شریک بانی سرجی برن دنیا کے نویں امیر ترین شخص ہیں لیکن ان کے اثاثے 99.6 ارب ڈالر ہونے کی وجہ سے وہ سینٹی بلینیئرز کی فہرست میں شامل نہیں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close