چکن 600روپے فی کلو تک پہنچ گیا، عوام نے بائیکاٹ مہم کا آغا ز کر دیا

کوئٹہ (پی این آئی) برائلر گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر پھر سے بائیکاٹ چکن مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں رمضان المبارک کے اختتام اور عید کے بعد بھی مرغی کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی، بلکہ قیمتوں میں مزید اور ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے۔ خاص کر بلوچستان اور سندھ میں برائلر گوشت کی قیمت غریب کے بعد متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی باہر ہو چکی۔بتایا گیا ہے کہ دونوں صوبوں میں 500 سے 600 روپے فی کلو تک گوشت فروخت ہونے لگا ہے جس کے سبب شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔رمضان المبارک کے دوران قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے کے بعد امکان تھا کہ ماہ مبارک کے ختم ہونے کے بعد قیمتوں میں کمی آ جائے گی، تاہم قیمتوں میں اضافے کے سلسلے کو بریک نہ لگ سکی۔شہری علاقوں میں مرغی اب 550 روپے فی کلو اور دیہی علاقوں میں 600 روپے میں فروخت کی جارہی ہے جو کہ شہریوں پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ہے۔عوام بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شدید پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر چیز مہنگی سے مہنگی ہوتی جارہی ہے اور مہنگائی کے اس طوفان کو کنٹرول کرنا کسی کے بس کی بات نہیں۔ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اس قدر اضافے کے بعد عوام دوبارہ سے سوشل میڈیا پر متحرک ہوگئی۔برائلر گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر پھر سے بائیکاٹ چکن مہم کا آغاز کر دیا گیا۔عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ کچھ روز کیلئے چکن کا بائیکاٹ کر دیں، پھر دیکھیں قیمتیں کیسے کم ہوتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں