اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔اس طرح عوام مہنگائی کے بڑے ریلے سے بال بال بچ گئے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے اوئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری مسترد کر دی۔ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافے کی سمری بھیجی گئی تھی۔اس کے علاوہ اوگرا نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اوئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے مئی کیلئے درآمدی ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔اوگرا نے مئی کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ سوئی ناردرن سسٹم کیلئے ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 0.48 ڈالر اضافہ کیا گیا ہے۔سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.49 ڈالر فی یونٹ اضافہ ہوا ہے۔ سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 10.252 ڈالر فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 9.477 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔ سوئی ناردرن سسٹم پر اپریل میں ایل این جی کی قیمت 9.969ڈالر فی یونٹ تھی۔ سوئی سدرن سسٹم پر اپریل میں ایل این جی کی قیمت 9.477 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں