کراچی(پی این آئی)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سندھ حکومت سے اپیل کہ ہے کہ وہ پریشان حال دکانداروں اور چھوٹے تاجروں پر رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عید سے قبل آخری 2 دن افطار سے سحری تک ہر قسم کے کاروبار کو کھولنے کی اجازت دے تاکہ دکانداروں کو کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عائد کی گئی سخت پابندیوں کے نتیجے میں ہونے والے سنگین نقصانات کو کسی حد تک کم کیا جاسکے ۔چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا نے کہا کراچی شہر میں کورونا کیسز کے اعدادو شمار اتنے بھی برے نہیں لہذا وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کراچی کے دکانداروں کو کم از کم بدھ اور جمعرات کو افطار سے سحری تک کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کی گنجائش موجود ہے جسے نہ صرف چھوٹے تاجر و دکاندار سراہیں گے بلکہ کراچی والوں کی ایک بڑی تعداد اس کا خیرمقدم کرے گی جس کی بدولت وہ اپنی نامکمل عید کی شاپنگ کو مکمل کر پائیں گے۔زبیر موتی والا نے کہا کہ شہر بھر کی تمام کمرشل مارکیٹوں کی جانب سے کراچی چیمبر پرشدید دباؤ ہے کہ جیسا کہ کے سی سی آئی کراچی کی پوری تاجر وصنعتکار برادری کا سب سے بڑا اور حقیقی نمائندہ ہے لہذا آخری دو دن افطار سے سحری تک تمام دکانوں کو کھولنے کی اجازت کے لیے کراچی چیمبر کو سندھ حکومت کو قائل کرنا ہی ہوگا جبکہ ان کمرشل مارکیٹوں کے نمائندوں نے ان 2 دنوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔انھوں نے کہا کہ کاروبار کو مکمل طور پر بند کر دینے کے بجائے حکومت عید سے قبل آخری 2 روزافطار سے سحری تک کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت دے جس کے نتیجے میں شہر تک تمام مارکیٹیں بیک وقت کھل جانے سے عوام یقینی طور پر تقسیم ہوجائیں گے، بھیڑ لگنے کی حوصلہ شکنی ہوگی اور بر وقت سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا جو کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کا ایک اہم عنصر ہے۔چیئرمین بی ایم جی نے مجموعی صورتحال اور چھوٹے تاجروں و دکانداروں کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ وقتاً فوقتاً عوام الناس کی موثر طریقے سے مدد کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرنے والی سندھ حکومت اس بار بھی دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کو اشد ضروری ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے عید سے قبل آخری 2 روز افطار سے سحری تک کاروبار بند رکھنے کی پابندیوں میں نرمی کرے گی جس سے مختلف کاروباروں کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے گا، کووڈ کے اعداد و شمار اور پیشن گوئیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر حکومت ایسا محسوس کرتی ہے کہ قیمتی جانوں کے ضائع ہونے کے امکانات نہیں تودو دن کا ریلیف دے دیا جائے۔کراچی چیمبر کے صدر شارق وہرہ نے کہا یہی وقت ہے کہ سندھ حکومت جو کہ عوامی حکومت ہے وہ پریشان حال عوام اور تاجر برادری کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے آگے آتے ہوئے بدھ اور جمعرات کو افطار سے سحری تک کاروبار کھلا رکھنے پر لگی پابندی کو ختم کرنے کے احکامات جاری کرے،غیر معمولی صورتحال میں سخت پابندیوں کی وجہ سے ہر طرف بے یقینی نظر آرہی ہے اور عوام نااُمید ہورہے ہیں لہذا سندھ حکومت کراچی والوں کو عید سے قبل آخری 2 دن ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات اُٹھائے۔کراچی چیمبر کی خصوصی کمیٹی برائے چھوٹے تاجران کے چیئرمین مجید میمن نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث کئی دکاندار محدود کاروباری سرگرمیوں کی وجہ سے پہلے ہی شدید بحرانوں سے دوچار ہیں لہذا سندھ حکومت کو عید سے قبل صرف 2 دنوں کے لیے افطار سے سحری تک ریلیف دینے کے امکانات کا جائزہ لینا ہی ہوگا بصورت دیگر کئی کاروبار اپنی بقا قائم رکھنے میں ناکام ہو جائیں گے بلکہ صفِ ہستی سے ہمیشہ کے لیے مٹ جائیں گے۔ اس صورت حال کو اگر فوری طور پر اور دانشمندانہ طریقے سے نہ نمٹایا گیا تو اس کے نتیجے میں نہ صرف تاجر برادری بلکہ پہلے سے بیمار معیشت کے لیے بھی مشکلات بڑھیں گی جبکہ غربت اور بے روزگاری میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگا جو وبا سے زیادہ خطرناک ثابت ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں