پرچون کی دکانوں کیلئے اوقات کار شام 6 بجے تک محدود، ریسٹورینٹس پر ٹیک آووے سروس کا وقت بھی مغرب تک کر دیا گیا

کراچی(آئی این پی ) کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے پر پرچون کی دکانوں کیلئے اوقات کار شام 6 بجے تک محدود کر دیئے گئے جبکہ ریسٹورینٹس پر ٹیک آووے سروس کا وقت بھی مغرب تک کر دیا گیا۔ وزیر اعلی سندھ کے زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ محکمہ صحت آج سے نجی ہسپتالوں کو مفت کورونا ویکسین فراہم کرے گا جبکہ ہوٹلوں میں قرنطیہ کی سہولیات بھی بحال کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں وزیر صحت نے بتایا کہ گذشتہ روز سے کراچی میں کوویڈ کیسز میں اضافہ ہوا ہے جو 5 فیصد سے بڑھ کر 14 عشاریہ 23 فیصد ہوگئی ہے تاہم حیدر آباد میں کیسز کی شرح 18 فیصد سے کم ہوکر 11 عشاریہ 92 فیصد ہوگئی ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے کراچی کے مختلف اضلاع میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کیا۔ مراد علی شاہ نے ان تمام ہسپتال کے عملے اور آلات کا فوری آڈٹ کرنے کی ہدایت کی جو کورونا کیسز کو ڈیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن ہسپتالوں میں سہولیات کم ہیں، انہیں فوری پورا کیا جائے۔ کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ 7 مئی سے آئندہ دو روز تک ریسٹورینٹس کی ٹیک اووے سروس بند رہے گی جبکہ پرچون کی دکانوں کو بھی شام 6 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، صرف میڈیکل سٹورز کو پابندی سے استثنی حاصل ہوگا جبکہ ویکسینشن سینٹر 24 گھنٹے کام کریں گے۔ عید کے ایا میں ساحل سمیت تمام پکنک پوانٹس بند رہیں گے، وزیراعلی سندھ نے کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اتوار 9 مئی سے عید الفطر تک مزید سخت انتظامات کا بھی عندیہ دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close