بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا منصوبہ، 1263 میگاواٹ پنجاب تھرمل پاور بجلی منصوبے کی تیاری مکمل

اسلام آباد(آئی این پی)1263میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ(پی ٹی پی ایل) منصوبہ نے مالی امور کے انتظامات مکمل کر لئے ،یہ منصوبہ ضلع جھنگ میں تریموبیراج کے قریب واقع ہے اور2015کی پاور پالیسی کے تحت قائم آر ایل این جی کے منصوبے میں سے بجلی کی پیداواری استطاعت کے لحاظ سے سب سے بڑا منصوبہ ہے ۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور پنجاب کے صوبائی وزراء نے دستخطی تقریب میں شرکت کی ۔ پی پی آئی بی کی طرف سے منیجنگ ڈائریکٹر شاہ جہان مرزا جبکہ اختر حسین میو نے بطور چیف ایگزیکٹو پی ٹی پی ایل مذکورہ دستاویزات پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر چیئرمین پی پی آئی بی ، سیکرٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ نے پاور ڈویژن ، پی پی آئی بی اور منصوبہ کی کمپنی کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ مذکورہ تقریب کی کارروائی میں شرکت کی ۔ یہ منصوبہ پنجاب آئی پی پی ماڈل کے تحت قائم کر رہی ہے جس کیلئے پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کہ حکومت پنجاب کی ملکیتی ایک نجی لمیٹڈ کمپنی ہے ، مذکورہ منصوبہ آئی ایل این جی پیدا کرنے والا حکومت پنجاب کا دوسرا منصوبہ ہے جبکہ اس سے قبل 1180میگاواٹ بھکی منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جو کہ گزشتہ سال 9.3ارب سے زائد بجلی کے یونٹس پیدا کر چکا ہے ، پی ٹی پی ایل منصوبہ کے لئے 75فیصد قرضہ مقامی بنکوں نے مہیا کیا ہے جن میں نیشنل بینک آف پاکستان ، بینک آف پنجاب ، یونائیٹڈ بینک ، حبیب بینک شامل ہیں جبکہ منصوبہ کی کل لاگت تقریباً71کروڑ امریکی ڈالر ہے ، مذکورہ منصوبہ 61.16فیصد کی بہترین استعداد کار کا حامل ہے جس کی بدولت منصوبہ کی 30سال میں اربوں روپے کی بچت ہوسکے گی ، کورونا وبا کے باعث مالی امور کی انجام دہی اور منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر کے باوجود پراجیکٹ کمپنی نے اپنی ایکویٹی کو استعمال میں لاتے ہوئے منصوبہ کی تعمیر شروع کی ، حکومت پنجاب ، وفاقی حکومت ، پاور ڈویژن اور پی پی آئی بی کی انتھک کاوشوں کی بدولت منصوبہ کا 80فیصد سے زائد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے ، یہ منصوبہ 2021کے اختتام سے پہلے بجلی کی پیداوار شروع کرے گا، اس منصوبہ سے ضلع فیصل آباد، گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی فراہمی میں بہتری ممکن ہوسکے گی جبکہ منصوبہ کے تعمیراتی مرحلے کے دوران تین ہزار جبکہ اس کے فعال ہونے پر دو ہزار سے زائد روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ، اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کورونا وبا کے باوجود منصوبے کے فنانشنل کلوز کے حصول پر حکومت پنجاب ، پاور ڈویژن اور پی پی آئی بی کو مبارکباد دی اور اس ضمن میں ان کی کوششوں کو سراہا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close