اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں ایک وفد نے سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد سے ملاقات کی اور دارالحکومت کی بہتر ترقی کے علاوہ دکانوں کو ڈی سیل کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔چیمبر کی سی ڈی اے کمیٹی کے کنوینر عبد الرؤف عالم، سابق سینئر نائب صدر طاہر عباسی، انجمن تاجراں پاکستان کے صدر اجمل بلوچ، ٹریڈرز ویلفیئرایسوسی ایشن سپر مارکیٹ کے صدر شہزاد شبیر عباسی اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے آئی اینڈ ٹی سنٹر ایریا میں واقع عرصہ دراز سے کاروبار کرنے والے تاجروں کی دکانوں کو گذشتہ دنوں سی ڈی اے نے نان کنفرمنگ استعمال کی بنا پر سیل کر دیا تھا جس سے ان کا کاروبار متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے بعض صنعتوں کو بھی نان کنفرمنگ استعمال کے نوٹس جاری کئے ہیں جبکہ یہ صنعتیں برآمدات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا سی ڈی اے تاجروں وصنعتکاروں کے خلاف کوئی بھی ایکشن لینے سے پہلے چیمبر کو اعتماد میں لے تاکہ مشترکہ کوششوں سے حل طلب معاملات کا بہتر حل نکالا جائے اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن دکانوں کو سیل کیا گیا تھا یا جن صنعتوں کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں وہ سب جائز کاروبا کر رہے ہیں لہذا سی ڈی اے مناسب فیس لے کر ان سب کو ریگولیرائز کرنے کی کوشش کرے جس سے کاروبار متاثر نہیں ہو گی اور سی ڈی اے کے ریونیومیں بھی کافی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی ہماری معیشت متعدد مسائل کا شکار ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے ان مشکل حالات میں ایسے اقدامات لے جن سے کاروبار کیلئے مزید آسانیاں پیدا ہوں تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دے کر معیشت کو بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کے تقاضوں کے مطابق سی ڈی اے بائی لاز میں بھی ضروری ترامیم کر کے صنعت وتجارت سے وابستہ تمام جائز کاروبار کرنے والوں کو ٹریڈ تبدیل کرنے کی اجازت دی جائے جس سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔
چیمبر کی سی ڈی اے کمیٹی کے کنوینر عبدالرؤف عالم اور وفد کے دیگر اراکین نے کہا کہ سی ڈی اے نے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے جس کا تاجروصنعتکار برادری نے خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کافی سست ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے تمام کاموں کی رفتار تیز کرے تا کہ ترقیاتی کام جلد مکمل ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کی ترقی میں سہولت ہو۔
چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور اور ان کے وفد کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ ان پر مناسب غور کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو کاروبار کے نان کنفرمنگ استعمال کے معاملے سے نمٹنے کے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے اقدامات پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سی ڈی اے چیمبر کے تعاون سے نان کنفرمنگ استعمال سمیت تاجر برادری کے دیگر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گی۔…
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں