کراچی (پی این آئی) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی )کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،سیکریٹری جنرل زبیرطفیل،ترجمان گلزارفیروز،سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی سیدمظہرعلی ناصر،سابق نائب صدور طارق حلیم اورحنیف گوہر نے شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان کے اقدامات سے ملکی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوگا۔یو بی جی رہنماﺅں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت خزانہ کے سربراہ کے طور پر شوکت ترین کو لانے کا بہترین فیصلہ کیا ہے، شوکت ترین اس سے قبل میں وزیرخزانہ رہ چکے ہیں اور انہیں بزنس کمیونٹی کے مسائل کا بھی بخوبی ادراک ہے،ملک میں اس وقت تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کا فروغ بے حد ضروری ہے جبکہ کئی شعبوں میں ٹیکسز اور ڈیوٹی کی شرحوں میں کمی لانے کی ضرورت ہے،بزنس کمیونٹی کو نئے وزیرخزانہ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ایس ایم منیر نے کہا کہ حکومت کی موجودہ معاشی ٹیم ملک کو بہتر راہ پر گامزن کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور تمام شعبوں میں ترقی سے ہی ہماری معیشت مضبوط ہوگی اورہمیں یقین ہے کہ حکومت کی نئی معاشی ٹیم نتیجہ خیز اقدامات کرے گی۔زبیرطفیل نے کہا کہ نئے وزیرخزانہ شوکت ترین کو کئی اہم چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم شوکت ترین ملک کے ممتاز اقتصادیات ہیں جو اچھے نتائج دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کاتیسرا فیز کاروبار کو متاثر کررہا ہے اور ان حالات میں مرکزی بینک کی جانب سے ماضی میں دی گئی عارضی ری فنانس اسکیم دوبارہ بحال کردی جائے تو اس سے ملازمین کا روزگار بچانے اورتنخواہوں کی ادائیگی میں مزید سہولت مل سکتی ہے۔طارق حلیم نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزار ت خزانہ کے سربراہ کے طور پر شوکت ترین کا درست انتخاب کیا ہے اور وہ یقینی طور پر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں معاون ہوں گے،اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں بجلی اور گیس کے نرخ میں کمی لانے کے اقدامات کئے جائیں، بزنس کمیونٹی کو پرامن ماحول ، کاروبار دوست اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں کے ساتھ قومی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے منصفانہ اور اچھی حکمت عملی پر مبنی پالیسیوں کی بھی ضرورت ہے۔ حنیف گوہر نے کہا کہ شوکت ترین کامیاب وزیر خزانہ ثابت ہوں گے، شوکت ترین پر ملک بھر کی کاروباری برادری کا اعتماد ہے اور وہ معاشی سرگرمیوں کو تیز تر کرنے کیلئے مثبت اقدامات کریں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں