اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم کے بار بار کے دعووں کے بعد بالآخر مہنگائی میں کمی آنا شروع۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں گزشتہ کئی ہفتوں سے مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا تھا، گزشتہ ہفتے ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں
مہنگائی کی شرح 9 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی، تاہم اب وفاقی سیکرٹری خزانہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے۔وفاقی سیکریٹری خزانہ کی جانب سے وفاقی وزیرخزانہ حماد اظہرکی زیرصدارت منعقدہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں دعویٰ کیا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.43 فیصد کمی آئی۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور 24 اشیا کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں آٹے، چینی اور کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سیکریٹری خوراک نے بتایا کہ ملک بھرمیں گندم کے وافر ذخائرموجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم روزانہ کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیر خزانہ حماد اظہر نے ہدایت دی کہ اشیائے ضروریہ کے ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی اور صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر خزانہ حماد اظہر نے اجلاس کو ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ شہزاد اکبر نے بنیادی اشیائے خورونوش سے متعلق قانون سازی پر بریفنگ دی۔ حکومت بنیادی اشیا سے متعلق قانون سازی کر رہی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اڑھائی سالہ حکومتی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے۔ مصنوعی منہگائی کرنے والوں کیخلاف بلاامتیازکارروائی ہوگی۔کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ چینی، آٹا اوردالوں کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو رمضان میں آٹا، چینی اور دیگراشیاء سستی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے رمضان میں بھرپور ریلیف دینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کھانے پینے کی چیزوں کی فراہمی سستے داموں یقینی بنائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں