ڈالرکی واپسی، روپے کے مقابلے قدر میں کتنا اضافہ ہو گیا؟ تفصیلات آگئیں

لاہور (پی این آئی) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 9 پیسے مہنگا ہو گیا۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرجاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے تیسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر انٹر بینک میں 9 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت

157 روپے 4 پیسے سے بڑھ کر 157 روپے 13 پیسے ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث مسلسل تیسرے کاروباری روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 531.23 پوائنٹس کی بڑی مندی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی نے ڈیرے ڈال لیے، تیسرے کاروباری روز بھی سٹاک ایکسچینج میں 531.23 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث انڈیکس 44 ہزار کی نفسیاتی حد سے محروم ہو گیا اور 43691.68 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔44 ہزار کی نفسیاتی حد کے علاوہ سٹاک مارکیٹ میں 44200، 44100، 44000، 43900، 43800، 43700 کی حدیں بھی گریں، جبکہ کاروبار میں 1.2 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی، اس دوران 18 کروڑ 83 لاکھ 13ہزار 275 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔مسلسل سستا ہونے والے سونے کی قیمت ایک مرتبہ پھر تیزی سے بڑھنے لگی۔ فی تولہ کی قدر میں 800 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں نو امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک ہزار 712 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد،پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 800 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک لاکھ 3 ہزار 800 روپے ہو گئی ہے۔فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 687 روپے کی بڑھوتری دیکھی گئی اور قیمت 88 ہزار 992 روپے ہو گئی ہے۔تاہم فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا اور نئی قیمتیں بالترتیب 1320 روپے اور 1131.68 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں