کراچی(پی این آئی) مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں منگل کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید10پیسے کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت
خرید157.05روپے سے گھٹ کر156.95روپے اور قیمت فروخت157.15روپے سے گھٹ کر157.05روپے ہوگئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید157روپے اور قیمت فروخت 157.30روپے مستحکم رہی ۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید 185.50روپے برقرار رہی اور قیمت فروخت187روپے سے بڑھ کر187.30روپے ہوگئی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 216روپے اور قیمت فروخت 218روپے مستحکم رہی ۔پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کے حوالے سے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ملکی معیشت کیلئے مثبت خبر ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں آئندہ چند روز کے دوران اگر ڈالر کی قیمت 155 روپے کی نفسیاتی سطح سے نیچے آگئی، تو پھر امکان ہے کہ جلد ہی ڈالر 150 روپے کی سطح تک بھی گر سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق ایک سال کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں 5 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی ترسیلات زر، ایکسپورٹس اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ روپے کی قدر میں اضافے کی ایک اور بڑی وجہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے بھجوائی جانے والی رقوم میں تسلسل کیساتھ اضافہ بھی ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی کرنسی کی قیمت میں کمی ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آنے کا باعث بنے گی۔یہاں واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے۔ امریکی ڈالر کی قیمت 168 روپے کی سطح سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔ تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران روپیہ تگڑا ہوا اور اب تک ڈالر کی قیمت میں 10 روپے سے زائد کی کمی ہو چکی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں