کرا چی (پی این آئی) کئی روز تک قیمت میں کمی کے بعد سونا آج مہنگا ہوگیا۔سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت ایک لاکھ تین ہزار روپے ہوگئی ہے۔ ملک میں 10 گرام سونا 428 روپے کے اضافے سے
88 ہزار 305 روپے کا ہوگیا ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 10 ڈالر کے اضافے سے 1703 ڈالر ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں گزشتہ کئی روز سے سونے کی قیمت میں کمی آرہی تھی۔ گزشتہ روز بھی سونا 50 روپے سستا ہوا تھا۔ سب سے زیادہ سونا رکھنے والے 20 ممالک: پاکستان کے پاس کتنے ذخائر ہیں؟ سونے کو ہمیشہ سے سب سے محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے اور حالیہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران پیدا ہونے والے معاشی بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں سرمایہ کار اور ممالک اپنی سرمایہ کاری کو سونے میں تبدیل کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سرمایہ کاروں کی ترجیح میں تبدیلی اور پھر امریکا چین تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے سونے کی قیمتیں اس وقت اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ورلڈ گولڈ کونسل نے دنیا کے ایسے ممالک کی فہرست جاری کی ہے جن کے پاس سونے کے سب سے زیادہ ذخائر موجود ہیں۔آئی ایم ایف اور ورلڈ گولڈ کونسل اعداد و شمار کے مطابق اگست 2020 میں سونے کے سب سے بڑے ذخائر 8133.5 ٹن امریکا کے پاس ہیں جو کہ اس کے مجموعی ذخائر کا 79 فیصد بنتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر جرمنی ہے جس کے پاس 3363.6 ٹن یعنی ذخائر کا 75.6 فیصد، اٹلی کے پاس 2451.8 ٹن یعنی 71.3 فیصد، فرانس کے پاس 2436 ٹن یعنی ذخائر کا 65.5 فیصد، روس کے پاس 2299.9 ٹن یعنی ذخائر کا 23.0 فیصد، چین کے پاس 1948.3 ٹن یعنی ذخائر کا 3.4 فیصد ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے پاس 1040.0 ٹن یعنی ذخائر کا 6.5 فیصد، جاپان کے پاس 765.2 ٹن یعنی
ذخائر کا 3.2 فیصد، بھارت کے پاس 657.7 ٹن یعنی ذخائر کا 7.5 فیصد، نیدرلینڈز کے پاس 612.5 ٹن یعنی ذخائر میں سے 71.4 فیصد، ترکی کے پاس 583.0 ٹن یعنی ذخائر میں سے 37.9 فیصد، تائیوان کے پاس 422.7 ٹن یعنی ذخائر میں سے 4.7 فیصد۔پرتگال کے پاس 382.5 ٹن یعنی ذخائر میں سے 77.7 فیصد، قازقستان کے پاس 378.5 ٹن یعنی ذخائر میں سے 65.5 فیصد، ازبکستان کے پاس 342.8 ٹن یعنی ذخائر میں سے 60 فیصد، برطانیہ کے پاس 310.3 ٹن یعنی ذخائر میں سے 10.2 فیصد، لبنان کے پاس 286.8 ٹن یعنی ذخائر میں سے 1.6 فیصد اور دنیا میں 35017.79 ٹن سونے کے ذخائر ہیں۔ورلڈ گولڈ کونسل کے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اس فہرست میں 44 ویں نمبر پر ہے اور اس کے پاس اس وقت 64.6 ٹن سونے کے ذخائر ہیں جو کہ اس کے مجموعی ذخائر کا 20.7 فیصد بنتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں