اسلام آباد(پی این آئی )ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 21 روپے 78 پیسے اضافہ کردیا گیا۔اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں ایل پی جی کے 11.8کلو کے گھریلو سلنڈرکی نئی قیمت 1884 روپے 92 پیسے مقرر کی گئی ہے جو فوری طور پر نافذالعمل ہوگی۔اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی ایک روپے 84 پیسے مہنگی کی گئی ہے جس سے نئی قیمت 159 روپے 74 پیسے ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دیا تھا۔ایل پی جی ڈیلرز کی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وفاقی وصوبائی وزرا سے ملاقاتیں، بھاگ دوڑ سب رائیگاں گئیں، کیبنٹ کمیٹی آف انرجی نے زمینی راستے سے ایل پی جی کی درآمد پر لیوی ٹیکس کا نفاذ کردیا، حکومت ایل پی جی کی درآمد پر 4669 روپے فی ٹن لیوی ٹیکس وصول کرے گی،کیبنٹ کمیٹی آف انرجی نے لیوی ٹیکس کے نفاذ کی منظوری دیدی ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ لیوی ٹیکس کے نفاذ سے ایل پی جی 7 سے 10 روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے، ایل پی جی مہنگی ہونے کا سہرا حکومت کے سرپر ہوگا اور اسکا خمیازہ عوام بھگتے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں