لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی بحالی کیلئے بجلی کی قیمت بڑھارہی ہے ،95پیسے فی یونٹ اضافے کے مجوزہ فیصلے سے عوام کی جیبوں پر مزید 9ارب روپے کا ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے ، مہنگائی
کی چکی میں پسے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے جو کسی وقت بھی لاوے کی صورت میں پھٹ سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز ، نعیم بادشاہ، شہزاد بھٹی، رمضان بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تجویز دی گئی کہ تاجر تنظیموں کو اس حوالے سے احتجاج کی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے پیشگی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ، بجلی کی قیمت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ لوگ اسے خریدنے سے عاجز آگئے ہیں۔حکومت کے معیشت کی ترقی کے حوالے سے اعدادوشمار جھوٹ کا پلندہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں مہنگائی کا جو طوفان آیا ہے لوگوں کے لئے ایک وقت کی روٹی پوری کرنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کے فیصلے عوام کو زندہ درگور کرنے کا باعث بن رہے ہیں ،تاجر تنظیمیں اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کریں گی اور جلد آئندہ کے فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا ۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں