اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران پچھلے 2سال کے عرصے میں پہلی بار مہنگائی میں کمی آگئی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی دو سال کی کم ترین سطح پر آگئی ، جہاں جنوری 2021ء میں مہنگائی کم ہوکر
5.65 فیصد پر آگئی جو کہ دسمبر 2020ء میں 7.97 فیصد تھی جب کہ گزشتہ برس جولائی سے اس سال جنوری تک مہنگائی کی مجموعی شرح 8.19 فیصد رہی۔رپورٹ کے مطابق جنوری میں ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں آلو 33.57 فیصد سستے ہوئے ، ٹماٹر 30.03 فیصد ، پیاز24.87 فیصد جب کہ مرغی 28.48 فیصد سستی ہوئی ، ملک بھر میں سبزیاں 10.14 فیصد سستی ہوئیں تو انڈوں کی قیمتوں میں 15.39 فیصد کمی دیکھی گئی۔اسی طرح جنوری کے مہینے میں سالانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں ٹماٹر 32.16 فیصد سستے ہوئے جب کہ پیاز کی قیمتوں میں30.41 کمی دیکھی گئی تو سبزیاں مجموعی طور پر 26.03 فیصد سستی ہوئیں ، اس کے علاوہ آلو 4.59فیصد ، دال چنا 11.95 اور پھل 6.20 فیصد سستے ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ رواں برس جنوری میں ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں چینی 14.76 فیصد مہنگی ہوئی تو گندم 8.17 فیصد اور آٹا 4.17 فیصد جب کہ گھی 6.06 فیصد مہنگا ہوا اور پھل 5.39 فیصد، دال مونگ 2 جب کہ کوکنگ آئل 3.28 فیصد مہنگا ہوا ، تازہ دودھ کی قیمت 2.46 فیصد بڑھ گئی۔رپورٹ کے مطابق جنوری میں سالانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں چینی 25.95 فیصد مہنگی ہوئی ، گندم کی مصنوعات کی قیمتوں میں24.53 فیصد اضافہ ہوا ، جب کہ گندم 19.24 فیصد ، دودھ 14.21 اور کوکنگ آئل 13.69 فیصد مہنگا ہوا جب کہ گھی اور انڈے کی قیمتوں میں 21.70 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں