پاکستان میں تیار ہونیوالی چینی 92روپے کلو مگر درآمد شدہ چینی کتنی سستی دستیاب ہے؟ تفصیلی رپورٹ آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت چینی خریداری کا ایک اور ٹینڈر منسوخ ہوگیا۔ یوٹیلیٹی سٹورز نے شوگر ملز سے مہنگی چینی خریدنے سے انکار کردیا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز نے مہنگی چینی کی بولی پر 40 ہزارٹن کا پانچواں ٹینڈر بھی منسوخ

کردیا ۔ شوگر ملز نے 92 روپے فی کلو کے حساب سے بولی دی تھی لیکن یوٹیلٹی سٹورز نے دو شوگر ملز کی پانچ ہزارٹن چینی دینے کی پیشکش قبول نہیں کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو درآمدی چینی 82 روپے کلو میں پڑی تھی جس کے بعد یوٹیلٹی سٹورز نے حکومت کو 50 ہزارٹن مزید چینی درآمد کرنے کی درخواست کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ ماہ میں 40 ہزار ٹن کا ایک اور 35 ہزارٹن کے پانچ الگ الگ ٹینڈرز جاری کیے گئے تھے، یوٹیلیٹی سٹورزنے کل ایک لاکھ 80 ہزار ٹن کے پانچ ٹینڈرز منسوخ کیے۔ یوٹیلٹی سٹورز نے ایک ٹینڈر میں صرف چار ہزار میٹرک ٹن چینی خریدی ۔ چینی کی قیمت میں پانچ روپے کی کمی ہوگئی رسد بہتر ہونے سے ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں پانچ روپے کی کمی ہوگئی۔جوڑیا بازار ہول سیل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ آٹھ روز کے دوران ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی 100 کلوگرام کی بوری 500 روپے سستی ہوگئی ہے اور اس کی قیمت 8600 سے کم ہو کر 8100 روپے ہوگئی ہے ۔ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 86 روپے سے کم ہو کر 81 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔دوسری جانب ہول سیل مارکیٹ میں چینی سستی ہونے کے بعد اس کا پرچون ریٹ بھی کم ہوگیا ہے جہاں یہ 90 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ درآمدی چینی آنے سے اس کا ریٹ مزید کم ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں