تاجر برادری نے بجلی کے نرخ میں 15فیصد اضافہ مسترد کردیا، مہنگائی سے پریشان عوام یہ جھٹکا برداشت کرنے کے قابل نہیں،شاہد رشید بٹ

اسلام آباد(آئی این پی ) چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ تاجر برادری آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کے نرخ میں پندرہ فیصد اضافہ مسترد کرتی ہے۔بے قابو مہنگائی اور بیر وزگاری سے پریشان عوام یہ جھٹکا برداشت کرنے کے قابل نہیں ہے۔پٹرول کی قیمت میں اضافہ کے چند دن بعد بجلی مہنگی کرنے کا

فیصلہ ظلم ہے جسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ مہنگائی کے چکی میں پسنے والے عوام کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے جن پر رحم کیا جائے۔بجلی کی قیمت اور گردشی قرضہ کم کرنے کے دعوے تواتر سے کئے جا رہے ہیں مگر زمینی صورتحال اسکے برعکس ہے۔ بجلی کے شعبہ میں اصلاحات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ چوری اور کرپشن روکنے اور بلوں کی وصولی بہتر بنانے کے بجائے قیمت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ اپریل کے مہینے میں بجلی مزید مہنگی کر کے عوام پر ایک اور بم گرانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں بلوں کی وصولی پانچ فیصدکم اور لائن لاسز ڈیڑھ فیصدزیادہ ہو گئے ہیں جبکہ گردشی قرضہ جو 1.1 کھرب روپے تھا بڑھ کر 2.3 کھرب روپے ہوگیاہے جو موجودہ مالی سال کے اختتام تک تین کھرب روپے تک پہنچ سکتا ہے جو عوام اور معیشت کے لئے ایک ڈراونا خواب ثابت ہو گا۔موجودہ حکومت کو ڈھائی سال ہو چکے ہیں اس لئے بجلی کی قیمت میں اضافہ سمیت تمام مسائل کے کا سارا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال کر خود بری الزمہ ہونے کا سلسلہ بند کر کے کچھ کارکردگی دکھائی جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close