کراچی (پی این آئی) حالیہ کچھ عرصے کے دوران زرمبادلہ ذخائر میں سب سے بڑی کمی، مجموعی ذخائر میں صرف ایک ہفتے کے دوران ایک ساتھ تقریباً 40 کروڑ ڈالرز کی کمی، ذخائر میں کمی کے باعث ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا رجحان۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملکی
زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر ایک ہفتے میں39کروڑ87لاکھ ڈالر کی کمی سے20ارب12کروڑ3لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق 15جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب 51 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 20ارب12کروڑ3لاکھ ڈالر ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں سب سے زیادہ 38 کروڑ 62 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد مجموعی سرکاری ذخائر 13 ارب 40 کروڑ ڈالر سے گھٹ کر13ارب1کروڑ38لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 1کروڑ25لاکھ ڈالرکی کمی ہوئی جس سے کمرشل ذخائر 7ارب 10کروڑ65لاکھ ڈالرز کی سطح پرآ گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر میں کمی کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔ ملکی کرنسی مارکیٹ میں دوبارہ سے امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جمعرات کے روز انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں20پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید160.40روپے سے بڑھ کر160.60روپے اور قیمت فروخت160.50روپے سے بڑھ کر160.70روپے ہو گئی۔ جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر10پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید160.40روپے سے بڑھ کر160.50روپے اور قیمت فروخت 160.70روپے سے بڑھ کر160.80روپے ہوگئی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں