اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خواتین کو 50 لاکھ تک قرض دینے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (پی این آئی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خواتین کو کاروبار کیلئے 50 لاکھ تک قرض دینے کا اعلان کردیا، ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک سیما کامل نے کہا کہ خواتین کو کاروبار کیلئے5 فیصد شرح سود پرقرض دیا جائےگا، 10 لاکھ تک بغیر زرضمانت قرض لے سکتی ہیں، خواتین 100 روپے میں کسی بھی بینک میں

’’آسان اکاؤنٹ‘‘ کھول سکتی ہیں۔ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک سیما کامل نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50 لاکھ روپے تک قرض لے سکتی ہیں۔ خواتین محدود وسائل میں گھر چلاتی ہیں اور گھر سے ملک چلتا ہے۔ خواتین 100 روپے میں کسی بھی بینک میں ’’آسان اکاؤنٹ‘‘ کھول سکتی ہیں، آسان اکاؤنٹ صرف شناختی کارڈ پر کھولا جا سکتا ہے، اکاؤنٹ کھولنے کے کوئی چارجز نہیں اور کم از کم رقم رکھنے کی بھی کوئی شرط نہیں ہے۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آسان اکاؤنٹ میں ماہانہ 5 لاکھ روپے کی رقم جمع اور نکالی جا سکتی ہے۔ 5 لاکھ سے زائد کاروبار کی صورت میں آمدنی کا ثبوت دینا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ آسان اکاؤنٹ سب کے لیے ہے، طلباء بھی کھول سکتے ہیں۔ آسان اکاؤنٹ پر منافع بھی ملتا ہے۔سیما کامل نے کہا کہ ملک میں خواتین کے اکاؤنٹ 18 فیصد اور مردوں کے 51 فیصد اکاؤنٹ ہیں، بینکوں سے تعلیم، شادی اور گھر کی تعمیر پر لون ملتا ہے، لیکن خواتین کو علم ہی نہیں ہے، خواتین کاروبار کے لیے 5 فیصد شرح سود پر 50 لاکھ تک لون لے سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کامیاب جوان اسکیم سے خواتین 10 لاکھ تک بغیر زرضمانت قرض لے سکتی ہیں، کامیاب جوان اسکیم پروگرام میں خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔ ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ خواتین کی آگاہی کے لیے اسٹیٹ بینک نے فنانشنل لٹریسی پروگرام کا آغاز کیا ہے، پروگرام کے ذریعے 10 لاکھ افراد کو آگاہی فراہم کی جائے گی جس میں 50 فیصد خواتین ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں خواتین کا بڑا حصہ ہے، خواتین کی بڑی تعداد زراعت سے وابستہ ہے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں تین ماہ میں 60 ہزار اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close