اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کا فارمولا تیار کرلیا گیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کیسے ہوگی؟ اس کے معاملات پالیسی میں طے کرلیے گئے ہیں۔ملک امین اسلم نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل کے استعمال کو فروغ
دینے کے لیے موٹر ویز پر اور درآمد کرنے پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مینو فیکچرز کو میک ان پاکستان کی طرف راغب کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں موٹر سائیکل اور رکشوں کی حد تک تو نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی منظور ہوچکی ہے اور اس پر عملدرآمد کی کوششیں بھی ہو رہی ہیں۔ تاہم جب بات چار پہیوں والی گاڑیوں کی ہوتی ہے تو معملات سست روی کا شکار ہیں۔حکومتی حوصلہ افزائی کے بعد الیکٹرک کار خریدنے والے ابتدائی صارفین انھیں ملک میں درآمد کرنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کرچکے ہیں۔ لیکن ان گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے اداروں میں واضح ہدایات موجود نہیں اور ملک میں چارجنگ سٹیشنز کی قلت موجود ہے۔الیکٹرک کارساز کمپنیوں کی ایک ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ پاکستان میں گاڑیوں کی موجودہ کمپنیاں (بِگ تھری) الیکٹرک گاڑیوں کے لیے مراعات کے خلاف دباؤ ڈال رہی ہیں۔ تاہم وزارت صنعت و پیداوار کے ترجمان نے اس الزام کو رد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پالیسی پر کام جاری ہے اور رواں سال اسے تمام سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کے ساتھ تیار کیا جاسکتا ہے۔ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو روزمرہ استعمال کرنے والے چند ابتدائی افراد کو اس وقت کئی مشکلات کا سامنا ہے مگر بظاہر وہ اپنے تجربے کو مثبت قرار دیتے ہیں۔ان میں سے ایک مسئلہ رجسٹریشن کا ہے۔ عام حالات میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے ایکسائز کے دفتر جانا ہوتا ہے۔ کار کے انجن کے مطابق سالانہ یا تاحیات ٹوکن اور نمبر
پلیٹ سمیت مختلف ٹیکس ادا کرنے کے بعد یہ گاڑی رجسٹر ہوجاتی ہے اور اسے باآسانی ملک بھر کی سڑکوں پر دوڑایا جاسکتا ہے۔لیکن فی الحال الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان اس حوالے سے اضطراب کا شکار ہیں۔ اگر کوئی اپنی نئی الیکٹرک گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے ایکسائز کے دفتر جاتا ہے تو ان سے پوچھا جاتا ہے کہ گاڑی کتنے سی سی ہے، یعنی اس کا انجن کتنی قوت پیدا کرتا ہے۔ جبکہ الیکٹرک گاڑیوں میں انجن یا موونگ پارٹس نہیں ہوتے۔ ان کی قوت یا ہارس پاور کا تعین بیٹری کے سائز اور مختلف پہلوؤں کی بنیاد پر لگایا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں