کراچی(پی این آئی)بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں مسلسل کمی کے بعد ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 10ڈالر کے اضافے سے 1840ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کو فی تولہ اور فی دس گرام
سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 350روپے اور 300روپے کا اضافہ ہوگیا۔سونے کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھکر 110800 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھکر 94993 روپے ہوگئی۔بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 2000روپے کم رہی ہے۔ تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے1220روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 1045 روپے 95پیسے پر مستحکم رہی۔ گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے باعث حصص کی مالیت 45 ارب 61 کروڑ 46 لاکھ 5 ہزار568 روپے بڑھ گئی۔مہنگائی کی شرح میں کمی، سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد میں تسلسل سے اضافے اور ملک کے اقتصادی افق پر مثبت اطلاعات سے گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی برقرار رہی، جس سے انڈیکس کی 42400 پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی، کاروباری ہفتے میں غیر یقینی صورتحال سے بعض سیشنز میں مندی بھی ہوئی۔11 دسمبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے میں بڑھتے ہوئے کورونا انفیکشن کے کیسز سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ہوا۔ سیاسی افق پر کشیدگی سے بھی سرمایہ کاروں نے حصص کی آف لوڈنگ کی۔ برآمدی آرڈرز موصول ہونے سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں نے مارکیٹ کی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے۔ہفتہ وار کاروبار کے ابتدائی 2 سیشنز میں مندی اور اختتامی 3 سیشنز میں تیزی ہوئی۔ مجموعی طور پر تیزی کے باعث حصص کی مالیت 45 ارب 61 کروڑ 46 لاکھ 5 ہزار568 روپے بڑھ گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی بڑھ کر 77 کھرب 75ارب 18 کروڑ 31 لاکھ 78 ہزار 463 روپے ہوگیا۔ہفتہ وار کاروبار میں 100 انڈیکس 263.40 پوائنٹس بڑھ کر 42470.40 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کےایس ای 30 انڈیکس 47.65 پوائنٹس بڑھ کر 17730.15 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایم آئی 30 انڈیکس 722.02 پوائنٹس بڑھ کر 69018.63 پوائنٹس پر بند ہوا اور کے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 192.85 پوائنٹس بڑھ کر 21023.44 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں