چین پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کیلئے پرعزم، وزیر توانائی عمر ایوب کی چینی سفیر نونگ رونگ سے گفتگو

اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین کا پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی عمر ایوب نے چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کی، اس موقع پر چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ اور معاون

خصوصی تابش گوہر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں توانائی کے شعبے اور سی پیک کے تحت پاور پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم امور زیرغور آئے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سی پیک، پاک چین دوستی اور معاشی ترقی میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے، معاشی ترقی کے لیے توانائی سیکٹر اہم کردار ادا کرتا ہے، ہماری حکومت مستحکم اورسستی بجلی کے نرخوں پر کام کر رہی ہے۔ وزیرتوانائی نے کہا کہ صنعتی شعبے کو سستی بجلی کی فراہمی سے یہ شعبہ ترقی کرے گا۔ چینی سفیر سے ملاقات میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاور سیکٹر میں ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسمیشن نظام بہتر بنایا جارہا ہے، بجلی کی قیمت میں کمی لانا اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر سفیر نونگ رونگ نے کہا چینی کمپنیاں پاکستان کے ساتھ ہم آہنگی سیکام کر رہی ہیں، چین کا پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close