عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کی تیاریاں، بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اضافے کا امکان

کراچی (پی این آئی) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کی ۔ نیپرا نےبجلی تقسیم کارکمپنیوں کی

جانب سے بجلی 80 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پرسماعت کے بعد فیصلہ دیا کہ کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا ۔بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران نیپرا کے رکن سندھ رفیق شیخ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج سماعت ہو رہی ہے اور ابھی تک کیسکو اور سیپکو کی جانب سے طلب کردہ رقم ابھی فائنل نہیں ہوئی، گزشتہ سماعت بھی اسی وجہ سے فیصلے کے بغیر ملتوی کی گئی تھی۔ان کو احساس ہے یا نہیں ؟۔ رفیق شیخ نے مزید کہا کہ سی پی پی اے اور درخواست گزار کے نمبرز میں فرق آ رہا ہے۔سماعت کے دوران سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) حکام نے کہا کہ اتھارٹی درخواست گزار کے اعدادوشمار مان کرفیصلہ کرے۔ نیپرا اتھارٹی نےآئیسکو کےکپیسٹی چارجز میں اضافے پر سوال اٹھایا تو سی ای او آئیسکو نے کہا کہ یہ اعداد وشمار سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے دیئے ہیں جس پر نیپرا اتھارٹی نے کہا کہ آپ کمپنی کے سربراہ ہیں تو اونرشپ بھی آپ لیں، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ یہ اعدادو شمارسی پی پی اے کے ہیں، پیسے آئیسکو نے مانگے ہیں نہ کہ سی پی پی اے نے مانگے ۔واضح رہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے مالی سال 2019-20 کی آخری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں صارفین سے 82 ارب روپے سے زائد وصول کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس ضمن میں درخواست کی گئی تھی کہ بجلی کی قیمت میں 80 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close