لاہور (پی این آئی) امریکی ڈالر اور اماراتی درہم کی قیمتوں میں مزید کئی روپے کی کمی ہونے کی پیشن گوئی، ماہرین کے مطابق آئندہ چند ہفتوں کے دوران پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 155 روپے جبکہ اماراتی کرنسی کی قیمت 40 روپے تک آ جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی روپے
نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران امریکی ڈالر اور اماراتی درہم کے مقابلے میں واضح بہتری دکھائی ہے۔3 ماہ قبل پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 168 روپے سے زائد جبکہ اماراتی درہم کی قیمت 45 روپے سے زائد ہو چکی تھی۔ تاہم گزشتہ 3 ماہ کے دوران مسلسل بہتری سے اب پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 160 روپے کی سطح سے نیچے اور اماراتی درہم 43 روپے سے زائد میں دستیاب ہے۔پاکستانی کرنسی کی قدر میں اضافے کے حوالے سے پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل ابوظہبی کے صدر ڈاکٹر قیصر انیس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی بہترین پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہو گا، یوں اماراتی درہم کی قیمت 40 روپے کی سطح تک جا سکتی ہے۔جبکہ اورینٹ ایکسچینج نامی کمپنی کے سی ای او راجیو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافے اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی سے آنے والے دنوں میں ڈالر کی قیمت 155 روپے کی سطح تک چلی جائے گی۔ ملکی کرنسی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت فروخت159.35روپے سے بڑھ کر159.50روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 159.30روپے اور قیمت فروخت159روپے پر بدستور برقرار رہی ۔جبکہ زرمبادلہ ذخائر کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر میں46کروڑ68لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 20ارب55 ڈالرز کی سطح کو بھی عبور کر گئے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق20 نومبر کو مجموعی ذخائر کی مالیت 20 ارب 8 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کی سطح سے بڑھ کر20ارب55کروڑ24لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ سرکاری ذخائر13ارب ڈالر کی سطح کو عبور کرتے ہوئے13 ارب41 کروڑ55 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر1کروڑ75لاکھ ڈالرز کی کمی سی7 ارب13 کروڑ 69 لاکھ ڈالر زرہ گئے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں