امریکی کرنسی نے روپے کو بری طرح روند ڈالا، ڈالر تین روپے مہنگا ہو گیا

کراچی (پی این آئی) مسلسل تیسرے کاروباری روز کے دوران ڈالرز کی قیمت میں واضح اضافہ، روپے کی قدر میں تشویش ناک گراوٹ، پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 161 روپے کی سطح تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر مزید10پیسے کے

اضافے سے 161روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق جمعہ کے روز انٹربینک میں ڈالرکی قدر میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث ڈالر کی قیمت خرید5پیسے کے اضافے سے160.70روپے سے بڑھ کر160.75روپے ہوگئی تاہم قیمت فروخت5پیسے کی کمی سے160.90روپے سے گھٹ کر160.85روپے ہوگئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید160.50روپے سے بڑھ کر160.60 اور قیمت فروخت160.90روپے سے بڑھ کر161روپے ہوگئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قدر میں80پیسے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید188.20روپے سے بڑھ کر189روپے اور قیمت فروخت190روپے سے بڑھ کر191روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید50پیسے کے اضافے سی211روپے سے بڑھ کر211.50روپے اور قیمت فروخت213روپے سے بڑھ کر213.50روپے ہوگئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔کئی ہفتوں تک ڈالر کی قیمت میں کمی اور پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوتا رہا۔ اس عرصے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 10 روپے تک کی کمی ہوگئی تھی۔ تاہم اب مارکیٹ میں کچھ مختلف وجوہات کی بنا پر ڈالر دوبارہ سے مہنگا ہونا شروع ہوگیا۔ 3 دن قبل پاکستانی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 158 روپے کی سطح تک گر گئی تھی، جو اب دوبارہ اضافہ سے 161 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ 3 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کے کل زرمبادلہ ذخائر 20 ارب ڈالرز ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close