تاجروں نے کورونا کی وبا سے بچاؤ کیلئے کمر باندھ لی، عوام اور تاجروں کو ماسک کیسے تقسیم ہوں گے؟ ماسک نہ لگانے پر جرمانہ کتنا ہو گا؟

کراچی (این این آئی)کراچی کے تاجروں نے کرونا کی وبا سے بچاؤ کیلئے کمر باندھ لی، ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون اور مارکیٹوں میں آگاہی مہم شروع کرینگے، بینرز آویزاں اور انتظامیہ کو چند تاجروں کی بے احتیاطی کی سزا پوری مارکیٹ کو دینے کی حمایت نہیں کرینگے،

حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام اور تاجروں کو بلامعاوضہ ماسک تقسیم کیئے جائیں یا ماسک نہ پہننے پر جرمانے کی رقم 100روپے کی جائے،یہ اعلان آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی زیرِ صدارت آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں منعقد کیئے گئے تاجروں کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس میں تاجر نمائیندگان اکرم رانا، شیخ عالم، شیخ ارشاد، عبدالقادر مستان، شیخ رفیع، تنویر پاستا، راشد علی خاں، میاں طارق، محمد راشد، ناصر مکاتی، عرفان للہ، کاشف سلاٹ، انجم موسانی، شیخ خالد، مجاہد شبیر، ڈاکٹر مہتاب شیخ، میر عبدالحئی، سمیع اللہ خان اور دیگر شریک تھے، اجلاس میں تاجروں کو تاکید کی گئی کہ کرونا وائرس کی روک تھام میں مکمل احتیاط برتی جائے، مارکیٹوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، دکانوں پر ماسک کی لازمی پابندی کی جائے، اس موقع پر عتیق میر نے تاجر برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں گذشتہ لاک ڈان کے نقصانات سے سبق سیکھنا ہوگا، کراچی کی تجارت اب تک گذشتہ لاک ڈان کے تباہ کن اثرات سے نہیں نکل سکی، تاجر اب دوبارہ سخت لاک ڈان کے متحمل نہیں ہوسکتے، انھوں نے کہا کہ آنے والی کل کی مشکلات کو آج کی احتیاط سے ٹالنا ممکن ہے، کرونا کی عالمی وبا عوام اور تاجروں کیلئے سخت آزمائش بن گئی ہے، انھوں نے تاجروں کو ایس او پیز پر مکمل عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بے احتیاطی کے مرتکب تاجروں کے خلاف جرمانوں اور دکانیں سیل کرنے کا دفاع نہیں کرینگے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close