لاہور( این این آئی )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں قابل ٹیکس آمدن ہونے کے باوجود 2 کروڑ 10 لاکھ افراد ایسے ہیں جو کوئی ٹیکس ادا نہیں کرتے، حکومت جلد ہی تمام ٹیکس نادہندگان کیخلاف کارروائی کرے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر
وقار مسعود نے بتایا کہ ٹیکس نادہندگان کو نوٹسز کے اجرا ء کا آغاز کردیا گیا ہے،ملک میں ٹیکس چوری تصورسے بھی زیادہ ہے تاہم ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس چوروں کو پکڑیں گے، جس کیلئے معلومات جمع کرلی گئی ہیں اور نوٹسز کا اجرا ء بھی شروع ہوچکا ہے۔نادہندگان کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 2 کروڑ 10 لاکھ افراد قابل ٹیکس آمدن کے باوجود ٹیکس نہیں دیتے، 27 لاکھ فائلرز میں سے صرف 17 لاکھ ٹیکس دیتے ہیں جبکہ 64 لاکھ این ٹی این ہولڈرز میں سے 37 لاکھ نان فائلرز ہیں۔ڈاکٹر وقار نے مزید کہا کہ مسعود ٹیکس نادہندگان سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا اور اب زیادہ کمانے والوں کو اسی کے مطابق ٹیکس بھی دینا ہوگا۔انہوں نے عندیہ دیا کہ ٹیکس چھوٹ میں کمی کیلئے فنانس بل آسکتا ہے۔ وقار مسعود کا کہنا ہے کہ حکومت عوام پر اضافی بوجھ نہیں ڈالے گی اور 65 میں سے 45 ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے جس میں آئی ایم ایف رکاوٹ نہیں بنے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں