اسلام آباد (پی این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کے اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاکستان کسٹمز نے کاروباری کمیونیٹی کو تجارتی آسانی اور ٹیکس سہولیات دینے کے لئے آتھورائیذڈ اکنامک آپریٹر پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ کا کراچی سے آغاز کر دیا ہے۔ یہ پروگرام ورلڈ کسٹمز آرگنائیزیشن کے سیکیورٹی معیار
اور بہترین بین الاقوامی رائج طریقہ کار کی پیروی کرتے ہوئے اپنایا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت حکومت ملکی قوانین کی پاسداری کرنے والے قابل بھروسہ کاروباری یونٹس کی تصدیق کرے گی۔ ایسے کاروباری یونٹس کو حکومت ہر ممکن آسانی فراہم کرتے ہوئے مختلف حکومتی اداروں کی طرف سے بے جا مداخلت سے دور رکھے گی تاکہ وہ اپنے کاروبار کی بڑھوتری کے لئے توجہ مرکوز کر سکیں۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کے پیداواری اور برآمدی یونٹ آرٹسٹک ڈینم ملز کوآتھو رائزڈ اکنامک آپریٹرکے پائلٹ پراجیکٹ کے ساتھ منسلک کرنے کے بعد ماڈل کسٹمز کولیکٹوریٹ بندرگاہ محمد بن قاسم کراچی سے شروع کر دیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر آتھورائزڈ اکنامک آپریٹر پائلٹ پروجیکٹ کو برآمدات کے لئے متعارف کرایا گیا ہے جو کہ بتدریج تمام کاروبار کے لئے بھی شروع کر دیا جائے گا۔ تاجروں اور چیمبرز آف کامرس تنظیموں نے حکومت کے اکنامک آپریٹر پروگرام کو خوش آئند قرار دیا ہے جس کے تحت حکومتی اداروں اور کاروباری یونٹس کے درمیان اعتماد بڑھے گا اور برآمد ی سیکٹر سے منسلک کاروبار کو پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں