طویل عرصے بعد کسی پاکستانی کمپنی نے گاڑی کی قیمت میں کمی کر دی، پاکستان کی سستی ترین گاڑی بن گئی

لاہور (پی این آئی) طویل عرصے بعد کسی پاکستانی کمپنی نے گاڑی کی قیمت میں کمی کر دی، ڈالر کی قیمت میں کمی ہونے کے بعد مشہور گاڑی یونائیٹڈ براوو کی قیمت میں زبردست کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ کچھ برسوں کے دوران مختلف آٹو کمپنیوں کی جانب سے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں

میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے۔آٹو کمپنیوں کی جانب سے ڈالر کی قیمت میں اضافے کو بہانہ بنا کر کئی گاڑیوں کی قیمتوں میں تو 100 فیصد سے بھی زائد کا اضافہ کر دیا گیا۔ اس وقت پاکستان میں 10 لاکھ روپے سے کم قیمت پر کوئی نئی گاڑی دستیاب نہیں۔ تاہم کچھ مقامی کمپنیوں حالیہ کچھ عرصے کے دوران ملک میں سستی گاڑیوں متعارف کروانے کی کوشش کی ہے۔ ان کمپنیوں میں ایک آٹو کمپنی یونائیٹڈ موٹرز بھی ہے جس نے براوو نامی چھوٹی گاڑی متعارف کروائی تھی۔یونائیٹڈ براوو کی قیمت بھی 12 لاکھ روپے تک پہنچ گئی تھی، تاہم اب ڈالر کی قیمت میں کمی ہونے کے بعد کمپنی نے براوو گاڑی کی قیمت میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا۔ یونائیٹڈ موٹرز نے اپنی 800 سی سی کی براوو کار کی قیمت 8.33 فیصد کم کرکے 12لاکھ سے 11لاکھ روپے کر دی ہے۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ ڈالر کے گرتے ہوئے نرخوں کے باعث کمپنی نے صارفین کو فائدہ پہنچانے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔رواں سال ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح 169 تک پہنچ گئی تھی۔ لیکن حال ہی میں دوبارہ روپے کے مقابلے ڈالر میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے اور اب ڈالر کی قیمت 160 روپے کی سطح سے نیچے آگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی آٹو کمپنیاں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ تو کر دیتے ہیں، لیکن پھر اس اضافے کو واپس نہیں لیا جاتا۔ برسوں بعد اب یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں کسی کمپنی کی جانب سے اپنی کسی گاڑی کی قیمت میں واضح کمی کی گئی ہے۔ یونائیٹڈ براوو کی جانب سے گاڑی کی قیمت کم کرنے کے بعد اب یہ گاڑی ملک کی سب سے سستی ترین گاڑی بن گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close