پاکستان پر ڈالرز کی بارش، عالمی بینک نے بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور(پی این آئی) عالمی بینک نے پاکستان کو 24 ارب ڈالرز کی خوشخبری سنا دی، کرونا بحران کے باوجود پاکستان کی ترسیلات زیر میں غیر متوقع اور ریکارڈ اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کو 24 ارب ڈالرز کی ترسیلات موصول ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا بحران کے دوران غیر ملکی

اداروں کی جانب سے پیشن گوئی کی گئی تھی کہ پاکستان کی ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔تاہم حیران کن طور پر رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر پاکستان کو 7 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات موصول ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ اگر یہ ٹرینڈ باقی 3 سہ ماہیوں کے دوران بھی جاری رہا، تو اس صورت میں پاکستان کو مالی سال کے اختتام تک 24 ارب ڈالرز سے زائد موصول ہو سکتے ہیں۔اس حوالے سے عالمی بینک کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا بحران کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش بہتر حکمت عملی کی بدولت ترسیلات زر میں اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔ دونوں ممالک نے بیرون ممالک مقیم اپنے شہریوں کو ملک پیسے بھجوانے کیلئے قانونی چینلز کی جانب راغب کیا۔ یہ حکمت عملی کامیاب رہی اور اب دونوں ممالک کے تارکین وطن توقعات سے زیادہ ترسیلات بھیج رہے ہیں۔پاکستان کے حوالے سے عالمی بینک نے پیشن گوئی کی ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر موصول ہونے کی شرح 24 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گی۔ پاکستان ریمی ٹینس انی شیٹو کی کوششوں اور مشرق وسطی، یورپ اور امریکہ جیسے ترسیلات کے اہم مقامات میں بتدریج بحالی نے کارکنوں کی ترسیلات زر کو مسلسل بڑھانے میں کردار ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close