اسلام آباد(آئی این پی )فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گزار سالانہ ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ ہفتہ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیونے تمام ٹیکس گزاروں کو یاددہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020 سے پہلے جمع کرا لیں ۔ گوشوارے داخل کرنے کی
تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں آسانی کے لئے ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں 2020کے لئے نیا آسان ریٹرن فارم متعارف کرایا گیا ہے۔ ٹیکس گزار نئے وزرڈ بیسڈ آسان ویب انٹرفیس کے ذریعے راہ نمائی کے ساتھ سالانہ گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔ ٹیکس آسان ایپ پر سمارٹ فون کے ذریعے بھی گوشوارے جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو کہ قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود گوشوارے جمع نہیں کرا رہے اور ایسے افراد جن کے اخراجات قابل ٹیکس آمدنی سے زائد ہے مگر انہوں نے سالانہ گوشواروں میں اپنی آمدن قابل ٹیکس آمدنی سے کم ظاہر کی ہے۔ایف بی آر کے ڈیٹابیس میں ایسے تمام افراد کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات مو جود ہیں۔ ایف بی آر ایسے تمام افراد کو آخری موقع فراہم کر رہا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے اپنے صحیح اخراجات اور آمدن کے حساب سے جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی ۔ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی راہ نمائی کے لئے ویڈیو ٹیو ٹوریلز ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ کسی بھی دشواری پیش آنے پر ایف بی آر کی ہیلپ لائن 111772772 یا ویب سائٹ www.fbr.gov.pk سے مدد لی جا سکتی ہے۔ یاد رہے انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنا ہر اس شخص پر لازم ہے جس کی سالانہ آمدن چھ لاکھ یا اس سے زائد ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں