مارکیٹ میں کم قیمت چینی لانے کا فیصلہ، حکومت کی درآمد کردہ مزید گندم اور چینی پاکستان پہنچنا شروع ہو گئی، چوتھا جہاز بھی پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگیا

کراچی(این این آئی)ملک میں آٹا چینی کے بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت کی درآمد کردہ مزید گندم اور چینی پاکستان پہنچنا شروع ہو گئی۔ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی)کی درآمد کردہ گندم کا چوتھا جہاز 52 ہزار 170 میڑک ٹن گندم لے کر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو گیا ، مزید 52 ہزار 200 میڑک ٹن

چینی بھی کراچی پہنچ گئی ہے،توقع ہے درآمدی چینی آنے سے ملک میں چینی کی کمی پر قابو پایا جا سکے گا۔ٹی سی پی حکام کے مطابق رواں ماہ کے دوران مجموعی طور پر درآمد کی جانے والی گندم میں سے خیبرپختونخوا نے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم اٹھا لی ہے جب کہ حکومت پنجاب نے بھی درامد کی گئی گندم سے 56 ہزار 457 میٹرک ٹن گندم لی ہے۔حکام کے مطابق چوتھے جہاز سے آنے والی گندم خیبرپختونخوا حکومت لے گی۔ٹی سی پی کے مطابق 52 ہزار 200 میٹرک ٹن درآمدی چینی لے کر دوسرا جہاز کراچی پہنچ گیا ہے، درآمد کی گئی چینی حکومت پنجاب کو دی جائے گی جو مارکیٹ ریٹ سے کم پر فروخت کی جائے گی۔چیئرمین ٹی سی پی ڈاکٹر ریاض میمن کا کہنا ہے کہ اب تک 77200 ٹن چینی درآمد کر چکے ہیں، پہلے جہاز سے 3500 میٹرک ٹن چینی ڈسچارج کی جا چکی ہے۔ڈاکٹر ریاض میمن کا کہنا ہے کہ درآمدی چینی مارکیٹ سے کم ریٹ میں فروخت کی جائے گی، ٹی سی پی سپلائی سے مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں کم ہوں گی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close