کراچی (پی این آئی) پاکستانی روپیہ ہر گزرتے دن کیساتھ تگڑا ہونے لگا، ڈالر کی قیمت 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت 163.20روپے کی سطح تک آگئی، جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں قیمت 163.30روپے تک آگئی۔ تفصیلات کے مطابق مقامی کرنسی مارکیٹوں میں بدھ کو امریکی
ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی جس کے باعث انٹر بینک میں ڈالر 163.20روپے اور اوپن مارکیٹ میں163.30روپے کی سطح پر آگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں55پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید163.75روپے سے گھٹ کر163.20روپے اور قیمت فروخت 163.95روپے سے گھٹ کر 163.30 روپے ہوگئی۔دوسری جانب مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں50پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید163.80روپے سے گھٹ کر163.30روپے اور قیمت فروخت164.10روپے سے گھٹ کر163.60روپے ہوگئی ۔دیگر کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی۔ یورو کی قیمت خرید ایک روپے کی کمی سی191.50روپے سے گھٹ کر190.50روپے اور قیمت فروخت1.50روپے کی کمی سی193.50روپے سے گھٹ کر192روپے ہوگئی۔ جبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید1.50روپے کی کمی 212روپے سے گھٹ کر210.50روپے اور قیمت فروخت214روپے سے گھٹ کر212.50روپے ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ توقع سے زائد ترسیلات زر موصول ہونے کی وجہ سے کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جبکہ امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آ رہی ہے۔حکومت کی جانب سے حال ہی میں بیرون ممالک پاکستانیوں کیلئے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکاونٹ متعارف کروایا گیا تھا۔ بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے اب بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم پاکستان بھیجی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے ناصرف ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، بلکہ ڈالر کی قیمت میں کمی بھی آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو ریکارڈ 7 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں